کیلیفورنیا: پاکستان سے تعلق رکھنے والے پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور مصنف صائم صادق کی متنازع فلم جوائے لینڈ کو آسکر ایوارڈ کے لیے منتخب کرلیا گیا۔
صائم صادق کی فلم جوائے لینڈ کو 95 اکیڈمی ایوارڈز، آسکر کی بین الاقوامی فیچر فلم کیٹگری کے لیے شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے۔ اسی کیٹگری میں ایک بھارتی فلم Last Film Show بھی شامل ہے۔
پاکستان کے مختلف صوبوں میں پابندی کا شکار یہ فلم آسکر کی بین الاقوامی فیچر فلم کیٹیگری میں پاکستان کی پہلی سلیکشن بننے میں کامیاب ہوئی ہے، فلم میں خواجہ سرا علینا خان اور علی جونیجو نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
علاوہ ازیں راستی فاروق، ثروت گیلانی، سلمان پیرزادہ اور ثانیہ سعید بھی فلم میں اہم کردار نبھارہے ہیں۔ پاکستان فلم انڈسٹری کے نوجوان ہدایت کار صائم صادق اس فلم کے لکھاری اور ہدایت کار ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جوائے لینڈ کو کانز فلم فیسٹیول میں بھی اسکرین کیا گیا تھا جہاں اسے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
یہ فلم بین الاقوامی سطح پر کئی اعزازات جیت چکی ہے۔