پاکستان کی قابل فخر بیٹیوں کا بڑا اعزاز، کے ٹو سر کرلی

اسلام آباد: پاکستان کی قابل فخر خواتین کوہ پیماؤں ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرلی۔
نجی ٹی وی نے بتایا کہ ثمینہ بیگ کے ٹو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں جب کہ نائلہ کیانی نے بھی آج ہی کے روز دنیا کی دوسری سب سے اونچی چوٹی پر پاکستان کا پرچم لہرایا۔
الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری کرار حیدر کے مطابقٖ ثمینہ بیگ نے یہ اعزاز اپنی 6 رکنی ٹیم کے ساتھ حاصل کیا ہے، ان کے بھائی محبوب علی کا کہنا ہے کہ ثمینہ بیگ نے یہ اعزاز جمعہ کی صبح قریباً ساڑھے 7 بجے حاصل کیا ہے۔ چوٹی پر پاکستانی جھنڈا لگانے کے بعد اب وہ واپسی کے راستے کی جانب گامزن ہیں۔
خواتین کوہ پیماؤں کی جانب سے چوٹی سر کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خواتین کوہ پیمائی کے صبر آزما کھیل میں مردوں سے پیچھے نہیں، امید ہے دونوں کوہ پیما دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم اسی جذبے سے لہراتی رہیں گی۔
دوسری طرف پاکستان میں رواں برس مہم جوئی کی سیاحت کے سیزن کو تاریخی قرار دیا جارہا ہے، حکومت نے رواں برس قریباً 6 سو کوہ پیماؤں کے گروپس کو مہم جوئی کے لائسنس جاری کیے ہیں۔
دنیا بھر سے آنے والے لوگوں کے علاوہ پاکستان کے مہم جو نئے ریکارڈ قائم کرنے اور پرانے ریکارڈ توڑنے کے لیے سرگرم عمل ہیں اور ایسے ہی پاکستانی کوہ پیماؤں میں دو نامور خواتین کوہ پیما ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی بھی شامل ہیں۔
ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے گذشتہ دنوں کے ٹو کو فتح کرنے کی اپنی اپنی مہم کا آغاز کیا تھا، دونوں خواتین کوہ پیما اس مہم جوئی کے لیے کافی عرصے سے تیاری کررہی تھیں۔

Heads upK-2Naila KiyaniPakistani female mounterSamina Baig