لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کوچز کو یوٹیوب چینلز چلانے سے منع کردیا۔
خبروں کے مطابق پی سی بی کی جانب سے ہائی پرفارمنس سینٹر اور ریجنل ٹیموں کے نومنتخب کوچز کو پالیسی سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
پالیسی کے مطابق ریجنل کوچز کو انٹرویوز دینے کے لیے بھی پیشگی اجازت درکار ہوگی، ذرائع کے مطابق پالیسی کے خلاف کام کرنے والوں کو ضابطے کے تحت کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
واضح رہے کہ نو منتخب کوچز میں سے متعددد یوٹیوب پر پروگرام کرتے ہیں۔
چار روز قبل ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئر ڈیولپمنٹ ثقلین مشتاق کا یوٹیوب چینل پر بیان سامنے آیا تھا، بیان سامنے آنے کے بعد بورڈ نے ایک بار پھر اپنی پالیسی تمام کوچز اور عہدیداروں پر واضح کردی ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہائی پرفارمنس سینٹر اور ایسوسی ایشنز کے کوچز کی تقرریوں کا اعلان کر دیا۔
پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار بلے باز محمد یوسف کو ہائی پرفارمنس سینٹر میں بیٹنگ کوچ تعینات کر دیا ہے، سابق کرکٹرز عتیق الزمان ہائی پرفارمنس سینٹر میں فیلڈنگ و وکٹ کیپنگ جب کہ سابق فاسٹ بولر محمد زاہد فاسٹ بولنگ کوچ ہوں گے۔
کرکٹ بورڈ نے عبدالرزاق، اعزاز چیمہ، باسط علی اور فیصل اقبال کو بھی ایسوسی ایشنز کا کوچ مقرر کیا ہے جب کہ غلا م علی، ہمایوں فرحت، عرفان فاضل اور ظفر اقبال کی بھی تقرریاں کر دی ہیں۔
عبد الرزاق خیبر پختونخوا اور باسط علی سندھ کے کوچ ہوں گے، فیصل اقبال بلوچستان اور شاہد انور سینٹرل پنجاب کی کوچنگ کریں گے۔