پاکستان کے سفیر کی کرزئی اور عبداللہ عبداللہ سے ملاقات

کابل: پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے سابق افغان صدر حامد کرزئی اور افغان مصالحتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی ہے۔
پاکستان کے افغانستان میں تعینات سفیر منصور احمد خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ کابل میں سابق افغان صدر حامد کرزئی اور سابق چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی۔ منصور احمد خان نے کہا کہ ملاقات میں افغانستان کی تازہ ترین صورت حال اور پائیدار استحکام سے متعلق تعمیری تبادلہ خیال کیا گیا۔
گزشتہ روز طالبان کے سیاسی دفتر کے رکن انس حقانی کی سربراہی میں طالبان کے وفد نے بھی عبداللہ عبداللہ اور حامد کرزئی سے اہم ملاقات کی تھی، جس کے دوران افغانستان کی موجودہ صورت حال اور عبوری حکومت کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد طالبان نے پہلی بار ملک کی سیاسی قیادت سے ملاقات کی ہے۔
طالبان کے برتاؤ اور رویے میں لچک کو دیکھتے ہوئے کہا جارہا ہے کہ سیاسی مفاہمتی عمل کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور افغانستان میں قیام امن کا خواب پورا ہوسکے گا۔

Afghanistan ex presidentHamid karzaimeetPakistan ambassador