راولپنڈی: پاکستان نے انگلینڈ کو تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر سیریز 2-1 سے جیت لی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 24 رنز 3 وکٹوں کے نقصان پر کھیل کا آغاز کیا تو 42 رنز کے اضافے کے بعد ہیرک بروک 26 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان بین اسٹوکس، جیمی اسمتھ 3، 3، گس اٹکنسن 10، ریحان احمد 7 اور جیک لیچ 10 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم 112 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔
یوں انگلش ٹیم پاکستان کے خلاف محض 35 رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکی۔
پاکستان کی جانب نعمان علی نے 6 جب کہ ساجد خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
مختصر ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنر صائم ایوب 8 رنز بناکر جیک لیچ کا شکار بنے جب کہ کپتان شان مسعود نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 6 گیندوں پر 23 رنز اسکور کیے اور گرین شرٹس کو 9 وکٹوں سے میچ جتوادیا۔
مشکل وقت میں انتہائی ذمے دارانہ اننگز کھیل کر سنچری بنانے والے سعود شکیل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جب کہ 19 وکٹیں لینے پر ساجد خان کو سیریز کا بہترین کھلاڑی ٹھہرایا گیا۔
راولپنڈی ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 267 رنز اسکور کیے تھے، جواب میں پاکستان ٹیم نے سعود شکیل کی شاندار سنچری کی بدولت 344 رنز بنائے تھے۔ انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں محض 112 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو اننگز اور 47 رنز سے مات دی تھی۔ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 152 رنز سے ہرایا تھا جب کہ آخری ٹیسٹ میں بھی پاکستان نے مہمان ٹیم کو 9 وکٹوں سے زیر کیا۔