آنے والی امریکی انتظامیہ سے اچھے تعلقات کے خواہش مند ہیں، پاکستان

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چینی باشندوں کے حوالے سے افواہوں کا جواب نہیں دے سکتے، تاہم پاکستان چینی باشندوں، کمپنیوں اور منصوبوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کشمیری سیاسی قیدیوں کی قید پر سنجیدہ تحفظات کا اظہار کرتا ہے، ان میں سے بہت سے سیاسی قیدیوں کو گنجائش سے زیادہ بھری جیلوں میں رکھا گیا ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان میں چینی باشندوں کے حوالے سے میڈیا افواہوں کا جواب نہیں دے سکتے، چینی باشندوں، کمپنیوں اور منصوبوں کے تحفظ سے متعلق چینی باشندوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، پاکستان اور چین کے درمیان متعدد موضوعات بشمول انسداد دہشت گردی پر مضبوط رابطے ہیں، پاک چین باہمی اعتماد کو نقصان پہنچانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان چینی باشندوں، کمپنیوں اور منصوبوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور اس حوالے سے مکمل ایس او پیز پر عمل درآمد ہورہا ہے، پاکستان میں سی پیک منصوبوں کی حفاظت کے لیے ایک خصوصی سیکیورٹی فورس قائم ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن سابق چیف جسٹس کے ساتھ پیش آئے واقعے اور پاکستان ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملے کے حوالے سے برطانوی انتظامیہ سے رابطے میں ہے، پاکستانی شہری دنیا میں کہیں بھی ہوں باعث احترام ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے دوستانہ تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے، پاک امریکا تعلقات کی بنیاد ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر ہے، پاکستان دیگر ممالک میں ان کی انتظامیہ میں تقرریوں پر کسی قسم کا تبصرہ نہیں کرتا، پاکستان آنے والی امریکی انتظامیہ کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہش مند ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ افغانستان کو ان دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی پرزور دیتے ہیں جن کی محفوظ پناہ گاہیں وہاں موجود ہیں، افغان انتظامیہ پاکستان کی بارہا کی جانے والی درخواستوں کو سنجیدہ لے، پاکستانی عوام کی برداشت کو زیادہ مت آزمائیں۔

#SpokepersonchinaIndiaMumtaz Zehra BalochPakistan foreign MinistryUSA