ڈھاکا: پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنالیے۔
ڈھاکا کے شیر بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستانی کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 59 رنز پر گری جب عبداللہ شفیق 25 رنز بناکر تیج الاسلام کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ گرین شرٹس کی دوسری وکٹ 70رنز پر گری۔ عابد علی 39 رنز بناکر تیج الاسلام کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
پہلے ٹیسٹ میں 8 وکٹیں لینے والے تیج الاسلام نے دونوں اوپنرز آؤٹ کردیے۔ ڈھاکا ٹیسٹ میں پہلے دن کھانے کے وقفہ پر پاکستان نے دو وکٹ پر 78 رنز بنالیے۔ خراب روشنی کے باعث پہلے روز کا کھیل جلد ختم کردیا گیا۔ پاکستان نے 2 وکٹ کے نقصان پر 161 رنز بنائے تھے۔ بابر اعظم 60 اور اظہر علی 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔
قبل ازیں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار نظرآ رہی ہے۔ دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور پہلے ٹیسٹ کی ٹیم کو ہی برقرار رکھا گیا، کوشش ہوگی کہ اسکور بورڈ پر اچھا ٹوٹل کیا جائے۔
بنگلادیش کی ٹیم میں آل راؤنڈر شکیب الحسن کی واپسی ہوئی ہے۔ بنگلادیشی کپتان کا کہنا تھا کہ دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 8 وکٹوں سے جیت چکا ہے۔