پاکستان ٹیم کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کرے گی یا نہیں، اعلان جلد ہوگا

اسلام آباد: پاکستان ٹیم کے کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق اعلان جلد سامنے آئے گا۔ وزارت دفتر خارجہ زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کے لیے پاکستانی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں، قومی ٹیم کی ایونٹ میں شمولیت حکومتی اجازت سے مشروط ہے۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے ٹورنامنٹ کے فکسچر کی فہرست کے اعلان میں تاخیر ہوئی ہے، ورلڈکپ میں پاکستان کی شمولیت حکومتی منظوری سے مشروط ہے۔
بورڈ نے چند روز قبل تمام شریک ممالک کو ڈرافٹ شیڈول جاری کرنے کے بعد آئی سی سی کو خط لکھا تھا، جس میں اس بات پر زور دیا گیا تھا کہ وہ یک طرفہ طور پر فکسچر لسٹ کی منظوری نہیں دے سکتے اور فیصلہ بالآخر ان کی حکومت کو ہی کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے حوالے سے پاکستان کا موقف ہے کہ سیاست کو کھیلوں کے ساتھ نہیں ملانا چاہیے، بھارت کی پاکستان میں کرکٹ نہ کھیلنے کی پالیسی مایوس کن ہے، ہم میگا ایونٹ میں شرکت سے متعلق تمام پہلوؤں کا مشاہدہ اور جائزہ لے رہے ہیں، جس میں پاکستانیوں کی سیکیورٹی کی صورت حال بھی شامل ہے جب کہ آئندہ دنوں میں اپنی شرکت کے حوالے سے جلد اعلان کریں گے۔
ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ہمیں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی ورچوئل میٹنگ کے لیے باضابطہ دعوت نامہ موصول ہوا ہے، جو 4 جولائی کو شیڈول ہے۔
قبل ازیں بھارتی میڈیا پر خبریں گردش کررہی تھیں کہ شیڈول میں تاخیر کی وجہ پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات ہیں۔
خیال رہے کہ پی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو باضابطہ طور پر بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کے لیے دو لیگ میچوں کے مقامات کو تبدیل کرنے کی درخواست دی تھی۔
جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ 20 اکتوبر کو بنگلورو میں آسٹریلیا اور 23 اکتوبر کو چنئی میں افغانستان سے شیڈول میچ کے مقامات کو تبدیل کیا جائے، بورڈ نے درخواست کی ہے کہ 20 اکتوبر کو بنگلورو آسٹریلیا کے بجائے افغانستان سے جب کہ 23 اکتوبر کو چنئی میں افغانستان کے بجائے آسٹریلیا میچ کروایا جائے۔
تاہم آئی سی سی اور بھارتی میڈیا نے پاکستان کی درخواست کو مسترد کردیا تھا۔

 

Cricket Worldcup 2023Foreign ministryICCIndiaPakistan cricket teamspokepersonZohra Baloch