کراچی: مسلسل 13 روز تیزی کی طرف جانے والی پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو بریک لگ گیا، رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران 100 انڈیکس 66.19 پوائنٹس گرگیا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ 13 کاروباری سیشنز کے دوران مسلسل تیزی دیکھنے کو ملی، سرمایہ کاروں کو ملنے والی سہولتیں، آئی ایم ایف سمیت عالمی اداروں کی طرف سے ملنے والی امداد، نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں بھی آسانیاں، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے سرمایہ کاروں کے لیے شرح سود میں کمی کے بعد زبردست ٹریڈنگ کا تسلسل چل رہا تھا۔
تاہم رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران مندی نے ڈیرے ڈال لیے ہیں، آج کاروبار کا آغاز ہی بے یقینی صورت حال کی وجہ سے ہوا جس کے باعث پہلے ڈیڑھ گھنٹے کے دوران انڈیکس میں 19.08 پوائنٹس کی تنزلی دیکھی گئی اور انڈیکس 36726.14 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا تھا۔
پورے کاروباری روز کے دوران اُتار چڑھاؤ کے بعد حصص مارکیٹ میں 100 انڈیکس کا اختتام 66.19 پوائنٹس کی مندی پر ہوا، جس کے بعد انڈیکس 36679.03 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
کاروبار میں 0.18 فیصد کا کاروبار ریکارڈ کیا گیا جب کہ 22 کروڑ 75 لاکھ 79 ہزار 514 شیئرز کا لین دین ہوا جبکہ مارکیٹ ویلیو 11 کھرب 41 ارب 12 کروڑ 15 لاکھ 9 ہزار 477 روپے ہو گئی ہے۔