کراچی: نئے مالی سال کے آغاز کے بعد سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے ریکارڈز قائم ہورہے ہیں، آج بھی کاروباری دن مثبت رہا۔
انڈیکس ایک لاکھ 30 ہزار 686 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
آج بھی کاروبار کا مثبت آغاز ہوا اور جلد ہی انڈیکس نے 600 سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 31 ہزار 325 کی نئی بلند ترین سطح بنائی۔
اس موقع پر سرمایہ کاروں نے کھلے سودوں کا منافع نقد کرایا جس سے انڈیکس 910 پوائنٹس منفی بھی ہوا۔
البتہ کاروبار کے اختتام تک انڈیکس 342 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 30 ہزار 686 پوائنٹس کی تاریخی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
کاروباری دن میں ہنڈریڈ انڈیکس ایک ہزار 548 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔
بازار میں آج 89 کروڑ شیئرز کے سودے 43 ارب روپے میں طے ہوئے جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 54 ارب روپے اضافے سے 15 ہزار 767 ارب روپے ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے مالی سال کے آغاز سے ہی زبردست تیزی کا سلسلہ برقرار ہے۔ گزشتہ روز بھی کاروبار کے دوران 100 انڈیکس ایک لاکھ 30 ہزار کی سطح عبور کرگیا تھا۔