کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی انکوائری رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ مُراد علی شاہ نے طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق مراد علی شاہ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ملکی سلامتی اور معیشت پر حملے کے مترادف ہے۔
مراد علی شاہ نے پولیس اور رینجرز کی طرف سے بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وبائی صورت حال کے پیش نظر ملک دشمن عناصر ناجائز فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے مزید چوکس رہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ واقعے کی مکمل تفصیلی انکوائری کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔
خیال رہے کہ آج صبح 10 بجے کے قریب 4 دہشت گردوں نے پہلے اسٹاک ایکسچینج کے گیٹ پر دستی بم حملہ کیا اور پھر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس سے پولیس اہلکار سمیت 6 افراد شہید ہوگئے جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں چاروں دہشت گرد مارے گئے۔