گال ٹیسٹ: سعود شکیل اور آغا سلمان نے بیٹنگ لائن کو تباہی سے بچالیا

گال: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکا کی پہلی اننگز 312 رنز کے جواب میں پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنالیے۔
کھیل کے دوسرے روز سری لنکن ٹیم 312 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، سری لنکا کے 312 رنز کے جواب میں آغاز میں ہی پاکستان کا ٹاپ آرڈر فلاپ ہوگیا اور 101 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی، جس کے بعد سلمان آغا اور سعود شکیل کی جانب سے اننگز آگے بڑھائی گئی۔
پاکستان کی جانب سے بیٹر امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن یہ جوڑی کریز پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی، امام الحق دوسرے اوور میں صرف ایک رن پر ہی پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد عبداللہ شفیق 19 رنز پر پربتھ جے سوریا کی گیند پردھننجیا ڈی سلوا کو کیچ دے بیٹھے۔
شان مسعود 30 گیندوں پر 39 رنز بناکر رمیش مینڈس کا شکار ہوئے، جس کے بعد کپتان بابراعظم بھی ٹیم کے اسکور کو زیادہ آگے نہ بڑھاسکے اور پربتھ جے سوریا کی گیند پر صرف 13 رنز پر سدھیرا سمارا وکرما کو کیچ دے دیا، وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے 15 گیندوں پر 17 رنز کی اننگز کھیلی۔
بارش کی وجہ سے دوسرے روز کا کھیل جلد ختم کردیا گیا۔ کھیل ختم ہوا تو سعود شکیل 69 اور آغا سلمان 61 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔ دونوں کے درمیان چھٹی وکٹ پر 120 رنز کی شراکت داری قائم ہوچکی ہے۔
سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز دھننجیا ڈی سلوا اور رمیش مینڈس نے کیا لیکن رمیش مینڈس 40 گیندوں پر 5 رنز بنا کر ابرار احمد کا شکار ہوگئے، فاسٹ بولر نسیم شاہ نے دھننجیا ڈی سلوا کو 122 رنز جب کہ رمیش مینڈس کو صرف 4 رنز پر پویلین بھیجا، کوسن رجیتھا بھی صرف 8 رنز پر ابرار احمد کی گیند پر عبداللہ شفیق کو کیچ دے بیٹھے۔
سری لنکا کی جانب سے ڈی سلوا نے 214 گیندوں پر 122 رنز کی ذمے دارانہ اننگز کھیلی، یوں پہلی اننگز میں سری لنکن ٹیم 312 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

Agha SalmanFirst testGalle TestPakistan tour of Sri lankaSaud ShakeelSecond DaySri lanka vs Pakistan