اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے دیرینہ دوست چین سے دو ارب ڈالر کا قرض رول اوور کرنے کی درخواست کی گئی ہے، اس ضمن میں نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کو خط لکھ دیا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ خط میں پاکستان نے چین سے ایک سال کے لیے قرض موٴخر کرنے کی درخواست کی ہے اور چین کی جانب سے دو ارب ڈالر کا قرض ایک سال کے لیے جلد رول اوور ہونے کا امکان ہے۔
چین کی جانب سے 2 ارب ڈالر قرض کے لیے 23 مارچ 2024 کو ڈپازٹ ٹائم مکمل ہوجائے گا۔ دو ارب ڈالر کا ڈپازٹ جلد رول اوور کرانے کے لیے وزارت خزانہ اور چینی حکام کے درمیان رابطے بھی ہوئے ہیں۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق نگران وزیراعظم نے مالیاتی تعاون پر چین کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ چین کی جانب سے مشکل معاشی صورتحال میں حکومت پاکستان کو قرضہ ادا کیا گیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ چین نے مجموعی طور پر پاکستان کو 4 ارب ڈالر کا قرض سیف ڈپازٹ کے طور پر دے رکھا ہے، چین سے 4 ارب ڈالر قرض ملنے سے پاکستان پر بیرونی ادائیگیوں کا بوجھ کم ہوا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل متحدہ عرب امارات نے بھی پاکستان کے لیے 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کیا تھا۔