اسلام آباد: پاکستان نے آپریشن "بنیان مرصوص” میں شاہین میزائل استعمال کرنے سے متعلق بھارتی ذرائع ابلاغ کے بے بنیاد دعوؤں کو مسترد کردیا۔
بھارتی میڈیا کے ان بے بنیاد دعوؤں کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ یہ الزامات سراسر جھوٹ پر مبنی اور بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کی گئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان نے شاہین میزائل استعمال کیا، جب بھارتی فوج کو اپنی غلطی کا ادراک ہوا تو اس ویڈیو کو فوراً حذف کردیا گیا، تاہم، تب تک بھارتی میڈیا کے کچھ حلقے بغیر تصدیق کے اس جھوٹے دعوے کو بڑھاچکے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اب بھی بعض بھارتی میڈیا ادارے اس جھوٹی مہم کو جاری رکھے ہوئے ہیں، یہ امر قابلِ غور ہے کہ بھارتی فوج کے سرکاری اکاؤنٹ نے اب تک اس غلط پوسٹ پر کوئی وضاحت یا تردید جاری نہیں کی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ من گھڑت اطلاعات دراصل بھارت کی آپریشن "سندور” میں ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی منظم کوششوں کا حصہ ہیں، پاکستان کی روایتی فوجی صلاحیتوں نے واضح برتری حاصل کی۔
بیان میں کہا گیا کہ اس کے ساتھ یہ پروپیگنڈا نئی دہلی کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور پاکستان پر "جوہری بلیک میلنگ” جیسے من گھڑت الزامات پر مبنی بیانیے کو فروغ دینے کی کوشش کا تسلسل ہے۔
پاکستان کی جانب سے استعمال کیے گئے ہتھیاروں کی مکمل تفصیل آئی ایس پی آر کی 12 مئی کی پریس ریلیز میں دی گئی ہے، طویل فاصلے تک مار کرنے والے فَتح سیریز F1 اور F2 میزائل، جدید ترین ہتھیار، لانگ رینج لوئٹرنگ کِلر ڈرونز اور ہائی پریسیژن طویل فاصلے کی توپیں شامل ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ان میزائلوں سے بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں واقع مخصوص فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، غیر مصدقہ اور اشتعال انگیز مواد کی اشاعت نہ صرف علاقائی استحکام کے لیے نقصان دہ ہے، بلکہ سرکاری اداروں کی پیشہ ورانہ ساکھ پر بھی سوال اٹھاتی ہے۔