اسلام آباد: آئی ایم ایف سے پاکستان کو 1 ارب 16 کروڑ ڈالر کی قسط موصول ہوگئی۔
بینک دولت پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف سے 1 ارب 16 کروڑ ڈالر کی قسط موصول ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف سے 1 ارب 16 کروڑ ڈالر کی قسط موصول ہوگئی ہے، آئی ایم ایف بورڈ نے ساتواں اور آٹھواں جائزہ مکمل ہونے پر قسط جاری کی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق آئی ایم ایف سے موصول شدہ رقم سے زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
دھیان رہے کہ گزشتہ روز آئی ایم ایف نے پاکستان کے قرض پروگرام میں جون 2023 تک توسیع کی منظوری دینے کا اعلان کیا تھا، پاکستان کے لیے قرض پروگرام 6 ارب ڈالر سے بڑھا کر ساڑھے 6 ارب ڈالر کردیا گیا ہے۔
عالمی مالیاتی ادارے کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کو چیلنجز درپیش ہیں، پاکستان کو توانائی کے نقصانات کم کرنا ہوں گے اور ٹیکس آمدن بڑھانا ہوگی، پاکستان کو مارکیٹ کی بنیاد پر ایکسچینج ریٹ یقینی بنانا ہوگا، کاروبار کرنے کا ماحول بہتر بنا کر پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے شرح سود میں اضافہ بہتر اقدام ہے۔