پاکستان ٹی 20 ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچ گیا، نیوزی لینڈ کو شکست

سڈنی: کپتان بابراعظم، محمد رضوان اور محمد حارث کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ٹی 20 ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نیوزی لینڈ کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا۔
اس جیت کے لیے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے شان دار نصف سنچریاں بنائیں اور ہدف کے تعاقب میں 105 رنز کا زبردست اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا۔ بعدازاں حارث نے بھی وکٹ کے چاروں جانب دلکش اسٹروک کھیل کر اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔
قبل ازیں سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کیوی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز اسکور کیے، کپتان کین ولیمسن نے 46 جب کہ ڈیرل مچل 53 رنز بناکر نمایاں رہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں فن ایلن 4، ڈیون کونوے 21، گلین فلپس 6، جیمز نیشم 14 رنز بناسکے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے بیٹنگ میں بابر اعظم 53، رضوان 57 اور حارث 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل کل انگلینڈ اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا، اُس کی فاتح ٹیم پاکستان سے فائنل میں مدمقابل ہوگی۔ پاکستان تیسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچا ہے۔

7 wicketbabar azamFirst Semi FinalHalf CenturiesMohammad RizwanPakistan beat New ZealandPakistan Reach FinalT20 worldcup