1965 کی پاک بھارت جنگ میں افواج پاکستان نے شجاعت و بہادری کے وہ انمٹ نقوش چھوڑے کہ جن کو جان کر روح سرشار ہوتی اور سر فخر سے بلند ہوتا ہے کہ ہماری افواج دفاع پاکستان کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں۔
اس معرکے میں افواج پاکستان کے غیور سپاہی سر پر کفن باندھ کر میدانِ جنگ میں اُترے اور ثابت کر دکھایا کہ وطن کی پاسبانی جان سے بھی افضل ہے۔ بھارت نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے خلاف جنگ کا آغاز تو کردیا، مگر افواج پاکستان کی جانب سے جس طرح دفاع اور جوابی حملہ کیا گیا، اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ بھارتی سورما صبح کا ناشتہ جم خانہ کلب میں کرنے کا زعم لیے تین اطراف سے لاہور پر حملہ آور ہوئے، لیکن ستلج رینجرز کے جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے بھارتی فوج کو پسپائی پر مجبور کردیا۔ 600 ٹینکوں اور ایک لاکھ فوج کے ساتھ سیالکوٹ پر بھی تین مقامات سے حملہ کیا، لیکن پاک آرمی کے بہادر جوانوں نے چونڈہ کو بھارتی ٹینکوں کے قبرستان میں بدل دیا۔ پاک فضائیہ نے 110 بھارتی طیاروں کو ملبے کے ڈھیر میں بدل دیا۔
1965 کی جنگ میں سمندری دفاع کی بات کی جائے تو پاک بحریہ نے جارحانہ حکمت عملی اپناکر کامیاب ”آپریشن سومنات“ کے ذریعے بھارت کو اس کی حدود میں گھس کر مارا۔ آپریشن سومنات جو بھارتی ساحلی علاقے دوارکا کے قریب سرانجام دیا گیا، اس کی چوٹ بھارت کبھی نہیں بھلاسکتا۔ چونکہ ”آپریشن سومنات“ دوارکا کے مقام پر سرانجام دیا گیا، اس وجہ سے یہ آپریشن دنیا بھر میں ”معرکہ دوارکا“ کے نام سے مشہور ہوا۔ یہ پاکستان نیوی کا پہلا جنگی آپریشن تھا، جو 1965 میں بھارتی دراندازی کے جواب میں کیا گیا، جس کی کامیابی سے جہاں بھارتی عزائم خاک میں ملے، وہیں پاک بحریہ کی دھاک دنیا بھر میں بیٹھ گئی۔ دوارکا کو بھارت کے دفاعی قلعے کی حیثیت حاصل تھی، یہاں نصب طاقتور ریڈار سسٹم بھارتی فضائیہ کو کسی بھی بیرونی حملے کے بارے میں خبردار کرتا اور پاکستان کی ساحلی پٹی پر فضائی حملوں کے لیے بھی معاون ثابت ہوتا، لہٰذا دوارکا آپریشن 1965 کی جنگ میں مرکزی حیثیت اختیار کرگیا، کیونکہ دوارکا کی تباہی سے ہی بھارتی بحریہ اور فضائیہ کا گٹھ جوڑ توڑ کر ان کے دفاعی نظام کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جاسکتا تھا۔ دوارکا کے انتہائی حسّاس آپریشن کے دوران پاک بحریہ نے بھارتی پانیوں میں گھس کر کاری وار کیا اور اس مشن میں بحری بیڑوں کو کوئی فضائی امداد بھی میسر نہ تھی جب کہ ہر قسم کے مواصلاتی روابط کی مکمل ممانعت کے باعث آپریشن مشکل تر ہوگیا تھا، آپریشن میں 7 بحری جنگی جہازوں کو روانہ کیا گیا، جن کی قیادت سب سے موثر اور جدید ٹیکنالوجی سے مزّین سب میرین غازی نے کی۔ پاک بحریہ کے ساتوں جنگی بحری جہاز 6 ستمبر کو اپنے مشن پر روانہ ہوئے اور پھر وہ وقت بھی آن پہنچا کہ جب پاک بحریہ کے بیڑے دوارکا ساحل پر اتنے قریب پہنچ گئے کہ پورا شہر توپوں کی زد پر آگیا اور رات کے 12 بج کر 26 منٹ پر بحری بیڑوں کی توپوں نے آگ اُگلنا شروع کی۔ پاک بحریہ کے جنگی بیڑوں نے 50، 50 راؤنڈز فائر کیے اور دشمن کو سنبھلنے کا ایک بھی موقع نہ دیا اور چند منٹوں میں ریڈار اسٹیشن، رن وے اوربھارتی بحریہ کا ہوائی اڈا ناکارہ کردیا اور ریڈار اسٹیشن کے تباہ ہونے سے بھارتی فضائی حملوں کا راستہ بند کردیا گیا۔ اس کامیاب آپریشن میں 2 بھارتی افسر اور 13 سیلرز ہلاک ہوئے جب کہ کراچی پر حملے کا بھارتی منصوبہ بھی خاک میں مل گیا۔ پاک بحریہ کی گولا باری نے دوارکا کے انفرا اسٹرکچر اور سیمنٹ فیکٹری کو بھی راکھ کے ڈھیر میں بدل دیا۔ یوں پاک بحریہ نے بھارتی حدود میں گھس کر دوارکا ریڈار اسٹیشن کی اینٹ سے اینٹ بجاڈالی اور پاک بحریہ کے ہاتھوں بھارتی نیوی کو تاریخی ہزیمت اٹھانا پڑی۔ جنگ ستمبر کے معرکہ دوارکا کو 56 سال بیت چکے کہ جس کو یاد کرکے آج بھی بھارت اپنے زخم چاٹنے پر مجبور ہوجاتا ہے۔ پاک بحریہ کی جرأت مندانہ جنگی حکمت عملی اور پیشہ ورانہ قابلیت کو دیکھ کر پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند ہوا اور معروف شاعر جون ایلیا (مرحوم) نے پاک بحریہ کی فقیدالمثال کامیابی پر تاریخی نظم لکھی اور پاک بحریہ کو بحرِ عرب کی فرماں روا قرار دیا۔ قارئین کی دلچسپی کے لیے نظم پیش خدمت ہے۔
فرماں روائے بحرِ عرب پاک بحریہ
بھارت میں تِرا نام ہے بے باک بحریہ
اے پاک بحریہ، اے پاک بحریہ
بحرِ عرب کو تیرے سفینوں پہ ناز ہے
عظمت کے پُرجلال امینوں پہ ناز ہے
تیرے شناوروں کی جبینوں پہ ناز ہے
تُو نے جہازِ نخوتِ باطل ڈبو دیا
اے پاک بحریہ، اے پاک بحریہ
عزمِ رواں سے تیری چٹانیں بھی رام ہیں
گرداب کچھ نہیں تیرے نقشِ خرام ہیں
موجیں تِری کنیز ہیں طوفاں غلام ہیں
تُو عزم کا پہاڑ ہے اور جھومتا ہوا
اے پاک بحریہ، اے پاک بحریہ
فرزندِ بحر تجھ سے کناروں کی آن ہے
تُو ساحلِ مُراد کی قوت ہے شان ہے
اے ناخدائے قوم تیرا کیا بیان ہے
اے ناخدائے قوم دعا اور مرحبا
اے پاک بحریہ، اے پاک بحریہ
فرماں روائے بحرِ عرب پاک بحریہ
بھارت میں تِرا نام ہے بے باک بحریہ
اے پاک بحریہ، اے پاک بحریہ