کراچی: کالی آندھی سے ٹیسٹ سیریز کے لیے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ بدھ سے شہر قائد میں شروع ہورہا ہے۔
ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرکٹرز 7 جولائی سے کراچی میں ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔ یہ دس روزہ کیمپ بائیو سیکیور ماحول میں لگایا جائے گا۔
کیمپ مکمل کرنے کے بعد یہ تمام کھلاڑی 21 جولائی کو لاہور کے مقامی ہوٹل میں آئسولیشن کریں گے۔ قومی ٹیم 26 جولائی کو بارباڈوس روانہ ہوگی۔
تربیتی کیمپ کی نگرانی ہیڈ آف پلیئرز ڈیولپمنٹ ثقلین مشتاق کریں گے۔اس دوران نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے دیگر کوچز محمد یوسف، مشتاق احمد، عمر رشید اور عتیق الزمان بھی ان کی معاونت کریں گے۔ فزیوتھراپسٹ امتیاز احمد، اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ صبور احمد اور مساجر عمران سلطان بھی کیمپ میں شریک ہوں گے۔
گیارہ ٹیسٹ کھلاڑی اظہر علی، فواد عالم، عابد علی، عمران بٹ، نعمان علی، ساجد خان، نسیم شاہ، شاہ نواز ڈاہانی، محمد عباس، یاسر شاہ اور زاہد محمود کے علاوہ چھ اضافی کھلاڑیوں کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ ان چھ کھلاڑیوں میں عاکف جاوید، عرفان اللہ شاہ، میر حمزہ، محمد حسن، محمد عمر اور سیف اللہ بنگش شامل ہیں۔
کیمپ میں طلب کردہ 25 کھلاڑیوں، کوچز سمیت اور کیمپ میں شامل دیگر پانچ ارکان کی اتوار کو کووڈ 19 ٹیسٹنگ کی گئی، نتائج منفی آئے۔ یہ تیس ارکان اب منگل کو کراچی میں اکٹھے ہوں گے جہاں ان کی دوسری کووڈ 19 ٹیسٹنگ ہوگی۔
واضح رہے ان دنوں قومی ٹیم دورہ انگلینڈ پر ہے، جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی۔ اس کے بعد پاکستان ٹیم کا اگلا دورہ ویسٹ انڈیز کا ہے۔