واشنگٹن: ورلڈ بینک نے پاکستان کے لیے 30 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔
عالمی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ قرض کی منظوری ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے بورڈ نے دی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ قرض دو مختلف منصوبوں کے لیے دیا گیا ہے، 20 کروڑ ڈالر سندھ ریزیلینس پروجیکٹ کے لیے دیے جائیں گے، منصوبے کی رقم سیلاب اور خشک سالی پر قابو پانے کے لیے فراہم کی جائے گی۔
عالمی بینک کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منصوبے سے قدرتی آفات پر قابو پانے کے لیے شعبہ صحت کو بہتر کیا جائے گا، منصوبے سے کورونا پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کراچی سالڈ ویسٹ ایمرجنسی پروجیکٹ کے لیے 10 کروڑ ڈالرز دیے جائیں گے، جس سے کراچی میں ندی نالوں کی صفائی کی حالت زار کو بہتر کیا جائے گا۔