راولپنڈی: پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں مہمان جنوبی افریقا کو 95 رنز سے شکست دے کر 2-0 سے سیریز جیت لی۔
پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 370 رنز کا مشکل ہدف دیا تھا۔ جنوبی افریقا کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 274 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔
قومی ٹیم کی جیت میں حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کی عمدہ بولنگ نے اہم کردار ادا کیا۔ دونوں نے بالترتیب 5 اور 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ یاسر شاہ کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ حسن علی میچ میں دس وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے اوپنر ایڈم مارکرم 108 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بووما نے 61 رنز کی باری کھیلی۔ روسی وین ڈرڈسن 48 رنز بناسکے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی افریقی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 274 رنز بناسکی۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں 272 اور دوسری اننگز میں 298 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا تھا۔ جنوبی افریقا کی پہلی اننگز 201 رنز تک محدود رہی تھی جب کہ دوسری اننگز 274 رنز پر تمام ہوئی۔
واضح رہے پاکستان نے جنوبی افریقا کو 17 سال بعد ٹیسٹ سیریز میں شکست سے دوچار کیا ہے۔
خیال رہے پاکستان نے تاریخ میں پہلی بار جنوبی افریقا کو کلین سوئپ کی ہزیمت سے دوچار کیا ہے۔