اسلام آباد: بالآخر ہاکی کے حوالے سے قوم کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ پاکستان کو اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کی میزبانی مل گئی۔
ایف آئی ایچ اولمپک ہاکی کوالیفائنگ ایونٹ آئندہ سال 13 جنوری سے 21 جنوری تک لاہور میں ہوگا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین نے کہا کہ ایف آئی ایچ کے ایونٹ کی میزبانی ملنا اعزاز کی بات ہے، 1990 کے ورلڈکپ کے بعد پاکستان 8 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ 90ء کے ورلڈکپ میں پاکستان کے میدان ہاؤس فل تھے، پاکستان میں ہاکی کے سنہری دور کی واپسی میں یہ ایونٹ بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگا، ایف آئی ایچ کے اس ایونٹ کو شاندار انداز میں منعقد کریں گے۔