کراچی: پاکستان کو تیسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے 2 وکٹوں سے ہراکر سیریز 1-2 سے جیت لی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایک روزہ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے 281 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں پورا کیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے گلین فلپس 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 63 رنز بناکر نمایاں رہے۔
کپتان کین ولیمسن 53 اور ڈیوون کانوے 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ڈیرل مچل 31 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
پاکستان کی جانب سے سلمان آغا اور محمد وسیم نے 2، 2 جب کہ محمد نواز اور اسامہ میر نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے۔
ابتدا میں پاکستان کے بلے بازوں کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ اوپنر شان مسعود صفر جب کہ کپتان بابراعظم 4 رنزبناکر پویلین لوٹ گئے، 21 کے مجموعی اسکور پر دو وکٹیں گرنے کے بعد فخز زمان اور محمد رضوان نے 153 رنز کی پارنٹرشپ قائم کی، تاہم رضوان 77 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے، فخرزمان 101 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ حارث سہیل بھی 22 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
آغا سلمان نے 45 رنز کی اہم اننگ کھیلی تاہم وہ نصف سینچری مکمل نہ کرسکے اور گیند کو باؤنڈری سے باہر پھینکنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ساؤتھی نے 3، لوکی فرگوسن نے 2 جب کہ مچل بریسویل اور ایش سودھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ فخر زمان اور حارث سہیل رن آؤٹ ہوئے۔