پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں 35 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر شکست، سیریز برابر

ملتان: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آخری میچ ویسٹ انڈیز نے تیسرے دن 120 رنز سے جیت لیا۔
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کے لیے 245 رنز کا ہدف دیا تھا، لیکن جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 133 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور یوں 1990 کے بعد ویسٹ انڈیز نے پاکستان میں پہلا ٹیسٹ جیتا ہے۔
کھیل کے تیسرے دن کے آغاز پر ہی سعود شکیل 13 اور نائٹ واچ مین کاشف علی ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے، جب کہ سلمان علی آغا 15 رنز پر پویلین لوٹے۔
اس کے علاوہ ساجد خان 7، نعمان علی 6 اور محمد رضوان 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز اور دوسری اننگز میں پاکستان ٹیم مشکلات سے دوچار ہوگئی اور ویسٹ انڈیز کے 254 رنز کے تعاقب میں 76 رنز پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے۔ کپتان شان مسعود اور محمد ہریرہ 2، 2 رن بناسکے، کامران غلام 19 اور بابراعظم 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
ملتان ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز 9 رنز کی برتری کے ساتھ شروع کی تھی، کپتان بریتھ ویٹ اور میکائیل لوئیس نے 50 رنز کی بنیاد رکھی، میکائل 7 رن بناکر آؤٹ ہوئے پھر عامر جنگو نے کپتان کے ساتھ اسکور 92 تک پہنچایا۔
بریتھ ویٹ کی 52 رنز کی اننگز نعمان علی نے تمام کی، اس کے بعد رنز بھی بنتے رہے اور وکٹیں بھی گرتی رہیں۔
املاچ نے 35 اور سنکلیئر نے 28 رنز بنائے اور ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 244 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو جیت کیلئے 254 رنز کا ہدف دیا۔
نعمان علی اور ساجد خان نے چار چار وکٹیں حاصل کیں، ابرار اور کاشف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 163 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، پاکستان کی ٹیم 163 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 154 رنز بنا سکی تھی۔
خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے جیتا تھا۔

Leveledsecond testtest seriesWI Beat PakistanWI Tour of Pakistan