پاکستان کا مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس کے بھارتی منصوبے پر سخت اظہار ناراضی

اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جی 20 اجلاس پر سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارت کا غیر قانونی طورپر مقبوضہ کشمیر میں جی20 اجلاس کرنے کا منصوبہ ہے اور بھارت نے 22 تا24 مئی سیاحتی ورکنگ گروپ کا سری نگر میں اجلاس شیڈول کیا، سری نگر اورلہہ میں امور نوجوانان پر دیگر 2 شیڈول اجلاس بھی پریشان کن ہیں، بھارت کی غیر ذمے دارانہ حرکت مقبوضہ کشمیر کے غیر قانونی قبضے کو دوام دینے کا اقدام ہے اور یہ اقدام کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کو بھی مدنظرنہیں رکھا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت کا غیر ذمے دارانہ اقدام سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چارٹر کی خلاف ورزی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنا غیر قانونی قبضہ برقرار رکھنے کی کوشش کررہا ہے، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات جموں و کشمیر کی حقیقت چھپا نہیں سکتے، مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے اور مقبوضہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر 7 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے موجود ہے۔

Foreign ministryG20 MeetingHeld in Occupied KashmirIndia planPakistanPakistan Condemn