کولکتہ: ورلڈکپ کے 31ویں میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کی دوڑ میں خود کو شامل رکھا ہے۔
کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلادیش کی پوری ٹیم 46 ویں اوور میں 204 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محمود اللہ 56 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان نے بنگلادیش کا 205 رنز کا ہدف باآسانی 33 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، فخر زمان نے شاندار 81 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چھکے شامل تھے۔
بنگلادیش کے خلاف جیت پاکستان ٹیم کی رواں ورلڈکپ میں تیسری کامیابی ہے جب کہ پاکستان کے خلاف شکست کے بعد بنگلادیش سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکا ہے۔
پاکستان اور بنگلادیش نے اب تک ورلڈکپ میں 7 میچز کھیلے ہیں، پاکستان کو 3 میں کامیابی ملی جب کہ بنگلادیش صرف ایک میچ جیت سکا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اپنے بقیہ 2 میچز جیتنے کے ساتھ دوسری ٹیموں پر بھی انحصار کرنا ہے۔
بنگلادیش کے خلاف میچ میں امام الحق کی جگہ فخر زمان، محمد نواز کی جگہ سلمان علی آغا اور شاداب خان کی جگہ اسامہ میر کو شامل کیا گیا تھا۔