کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ میں منعقدہ سہ فریقی سیریز کے پہلے معرکے میں پاکستان نے بنگلادیش کو 21 رنز سے ہرادیا۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں بنگال ٹائیگرز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 78 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان بابراعظم 22، شان مسعود 31، حید علی 6، افتخار احمد 13 رنز بناسکے، بنگلادیشی بولرز کی جانب سے تسکین احمد نے 2، حسن احمد، نسوم احمد اور مہدی حسن میراز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش ٹیم مقررہ 20 اوورز میں محض 146 رنز اسکور کرسکی، اوپنر مہدی حسن میراز 10، صابر رحمان 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں لٹن داس 35، عفیف حسین 25، کپتان نور الحسن 8، مصدق حسین 0 بناکر آؤٹ ہوئے، سب سے زیادہ رنز یاسر علی نے 42 رنز کی صورت بنائے۔
پاکستانی گیند بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، محمد وسیم جونیئر 3، محمد نواز 2 جب کہ شاہ نواز ڈاہانی، حارث رؤف اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ لی۔
تینوں ممالک کے درمیان ہونے والی یہ سہ ملکی سیریز گذشتہ تین برسوں میں آئی سی سی کے کرکٹ کھیلنے والے فُل ممبرز کے مابین پہلی سیریز ہے۔
رواں ماہ آسٹریلیا میں شیڈول ٹی20 ورلڈکپ سے پہلے یہ سیریز تینوں ٹیموں کو ایونٹ کی بھرپور تیاری کا موقع فراہم کرے گی۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان اب تک 15 ٹی20 میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں 13 مرتبہ پاکستان کامیاب ہوا جب کہ 2 مرتبہ بنگلادیش نے فتح حاصل کر رکھی ہے۔