سنسنی خیز مقابلہ، پاکستان نے بنگلادیش کو وائٹ واش شکست دیدی

میرپور: پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری مقابلے میں پاکستان نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر محمد نواز کے چوکے کی بدولت 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 3-0 سے جیت لی۔ اس سیریز میں میزبان بنگلادیش کو وائٹ واش کی خفت بھی برداشت کرنا پڑی۔
تفصیلات کے مطابق سیریز کے تیسرے مقابلے میں پاکستان ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئیں، فخر زمان، شعیب ملک، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی کو سرفراز احمد، عثمان قادر، افتخار احمد اور شاہ نواز ڈاہانی کے لیے جگہ خالی کرنی پڑی۔ ڈاہانی کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کا یہ پہلا مقابلہ تھا۔
بنگلادیش نے مقررہ اوورز میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ بنگلادیش کی جانب سے اوپنر محمد نعیم 47 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر ثابت ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے عثمان قادر اور محمد وسیم نے دو دو وکٹیں لیں جب کہ ڈاہانی اور حارث رؤف کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
ہدف کے تعاقب میں بابراعظم اور محمد رضوان نے خاصا محتاط آغاز کیا۔ دونوں کے درمیان ساتویں اوور کی آخری گیند پر یہ شراکت 32 کے مجموعے پر ختم ہوئی۔ اس کے بعد محمد رضوان اور حیدر علی کے مابین 51 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔ رضوان 43 گیندوں پر 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ حیدر علی نے 45 رنز کی باری کھیلی۔ آخری اوور میں پاکستان کو فتح کے لیے 8 رنز درکار تھے اور اُس کی 8 وکٹیں باقی تھیں۔ اس موقع پر بنگلادیش کے کپتان محموداللہ نے انتہائی نپی تلی گیند بازی کی اور سرفراز احمد، حیدر علی کی قیمتی وکٹیں لگاتار دو گیندوں پر گرائیں۔ چوتھی گیند پر افتخار احمد نے محمود کو چھکا رسید کیا اور 5ویں گیند پر وہ خود پویلین رسید ہوئے۔ آخری گیند پر دو رنز درکار تھے کہ محمد نواز نے شان دار چوکا رسید کرکے پاکستان کو 5 وکٹوں سے جیت کی خوشیاں منانے کا موقع فراہم کیا۔ بنگلادیش کی جانب سے کپتان محموداللہ نے ایک اوور میں 10 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ شاہد الاسلام اور امین الاسلام کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

حیدر علی میچ جب کہ محمد رضوان سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

3rd T20Dahani DebutPakistan beat bangladeshPakistan tour of bangladeshT20 SeriesWhite wash