ایڈیلیڈ: دورۂ آسٹریلیا کے دوران ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے کیا اور قومی ٹیم کو پہلا نقصان 137 رنز پر ہوا جب صائم ایوب محض 71 گیندوں پر 82 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔
اس کے بعد عبداللہ شفیق اور بابر اعظم نے اسکور آگے بڑھایا اور ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرایا، عبداللہ شفیق 64 اور بابر اعظم 15 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے واحد وکٹ ایڈم زمپا نے حاصل کی، انہوں نے 44 رنز دیے۔
قبل ازیں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز جیک فریسر مک گرج اور میتھیو شارٹ نے کیا لیکن دونوں کھلاڑیوں کو شاہین شاہ آفریدی نے آغاز میں ہی پویلین لوٹا دیا، جیک فریسر 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ میتھیو شارٹ کو شاہین نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
آسٹریلیا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جوش انگلس تھے جو 18 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے، مارنس لبوشین کو بھی حارث نے ہی پویلین کی راہ دکھائی۔
محمد حسنین نے آسٹریلیا کے سیٹ بیٹر اسٹیو اسمتھ کو 35 رنز پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا جب کہ ایرون ہارڈی اور گلین میکسویل کو حارث نے اپنا شکار بنایا۔ مچل اسٹارک کو نسیم شاہ نے بولڈ کیا جب کہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز حارث رؤف کے پانچویں شکار بنے جب کہ آخری وکٹ شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں آئی۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 29 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے 26 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، ایک ایک وکٹ محمد حسنین اور نسیم شاہ کے حصے میں آئی۔
آسٹریلیا کے پانچ بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھانے والے حارث رئوف میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
خیال رہے کہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے ہرایا تھا۔