کراچی: نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کو نیوٹرل مقام پر سیریز کھیلنے کی پیشکش کردی، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس تجویز کو مسترد کردیا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ دوبارہ کھیلنا چاہتے ہیں، ری شیڈول سیریز کے لیے مناسب ونڈو تلاش کررہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کیوی بورڈ کی یہ تجویز ماننے سے انکار کردیا۔
چیف ایگزیکٹو کیویز بورڈ ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ ممکنہ سیریز مناسب وقت اور مقام پر کھیل سکتے ہیں، پی سی بی کے نقصان پر بھی سوچا جائے گا۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے دوبارہ دورہ پاکستان کی بات قبل ازوقت قرار دے دی۔
ُاُدھر کیوی کپتان کین ولیمسن نے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے عمل کو شرم ناک قرار دے دیا، کہتے ہیں مجھے تفصیلات نہیں پتا لیکن یہ اچانک ہوا، پاکستان میں کرکٹ کو بہت پسند اور سپورٹ کیا جاتا ہے، اندازہ ہے پاکستانیوں کو دورہ منسوخ کرنے سے خاصی مایوسی ہوئی ہوگی۔ کین ولیمسن نے امید ظاہر کی کہ اس واقعے کے اثرات دیرپا نہیں ہوں گے اور پاکستان میں جلد انٹرنیشنل کرکٹ ہوگی۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کے ساتھ حالیہ سیریز کو یک طرفہ طور پر منسوخ کردیا تھا، کیوی ٹیم پاکستان میں سیریز کھیلنے کے لیے 18 سال بعد آئی تھی اور ٹیم کی آمد سے قبل نیوزی لینڈ کی سیکیورٹی ٹیم نے بھی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچز راولپنڈی اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں کھیلے جانے تھے۔
پی سی بی کی جانب سے کیوی بورڈ کے اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا گیا تھا، چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں لے جانے کا اعلان کیا تھا۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ نے دورہ ختم کرنے کے یک طرفہ فیصلے کی غلط مثال قائم کی، فیصلے سے دونوں بورڈز کے تعلقات متاثر ہوں گے۔