ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان گروپ بی کے ٹیبل پوائنٹس پر پہلے نمبر پر آگیا۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 135 رنز کا ہدف اننگز کے 19 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
قومی ٹیم کی جانب سے آصف علی نے انتہائی اہم موقع پر چھکے لگا کر میچ کا پانسہ بدلا اور ٹیم کو فتح دلائی۔
پاکستان کی اننگز
قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز بابراعظم اور محمد رضوان نے کیا۔ بابر نے مچ سینٹنر کو پہلے اوور میں چوکا لگا کر اپنا کھاتا کھولا۔
ٹم ساؤتھی اور بولٹ نے نپی تلی بولنگ کا سلسلہ جاری رکھا جس کا فائدہ کیویز کو جلد ہی ہو گیا۔ ساؤتھی کی گیند پر بڑی شاٹ کھیلتے ہوئے بابر 9 رنز پر بولڈ ہو گئے۔
بابراعظم کی وکٹ لینے کے ساتھ ہی ٹم ساؤتھی کی ٹی 20 کیریئر میں 100 وکٹیں مکمل ہو گئیں۔
پاکستان کے دوسرے کھلاڑی فخر زمان 11 رنز بنا کر سودھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
پاکستان ٹیم کا اسکور 63 رنز پر پہنچا تو محمد حفیظ نے لانگ آف کی جانب ہوا میں شاٹ کھیلا جس پر ڈیون کونوے نے ایک مشکل کیچ پکڑ کر انہیں بھی پویلین بھیج دیا،محمد حفیظ نے بھی گیارہ رنز بنائے۔
پاکستان کے محمد رضوان 33 رنز بنا کر سودھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
پاکستان ٹیم کا اسکور 87 رنز پر پہنچا تو عماد وسیم سویپ کرتے ہوئے ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
بعد میں آنے والے بلے باز محمد آصف نے جارحانہ بیٹنگ کی اور شعیب ملک کے ساتھ مل کر پاکستان کو 19 ویں اوور میں جیت دلا دی۔
شعیب ملک اور محمد آصف نے ناقابل شکست 27 ،27 رنز بنائے۔
کیویز کی پہلی وکٹ 5.2 اوور میں گری جب مارٹن گپٹل 17 رنز بنا کر حارث کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
نیوزی لینڈ کو دوسرا نقصان اننگز کے 8 ویں اوور میں ہوا جب مچل 27 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر فخر کو کیچ دے بیٹھے۔
قومی ٹیم کے بولرز نے نیوزی لینڈ کے بیٹرز پر دباؤ بنائے رکھا، اس موقع پر جمی نیشم 1 رن پر محمد حفیظ کی گیند پر بڑی شاٹ کھیلتے ہوئے فخر کو کیچ دے بیٹھے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن کو کچھ دیر سنبھالا دیا تاہم وہ 25 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہو گئے۔
ولیمسن کی وکٹ گرنے کے بعد کوئی بھی کیوی بلے باز کھل کر نہ کھیل سکا اس موقع پر حارث رؤف نے بہترین گیند بازی کا مظاہرہ کیا اور تین مزید بیٹرز کو پولین کی رہ دکھائی۔
کیویز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 22 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کونوے اور مچل نے 27،27 جب کہ کپتان کین ولیمسن نے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔