گال: دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز سری لنکا نے پاکستان کے خلاف 323 رنز کی برتری حاصل کرلی اور ابھی اُس کی 5 وکٹیں باقی ہیں۔
سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز سری لنکا نے پاکستان کے خلاف کھیل کے دوسرے سیشن تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 176 بناکر 323 رنز کی برتری حاصل کرلی، اوپنر نروشن ڈکویلا 15، اوشاڈا فرنینڈو 19، کوشل مینڈس 15 اور انجیلو میتھیوز 35 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز کا آغاز یاسر شاہ اور حسن علی نے کیا تھا، تاہم حسن علی 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ یاسر شاہ نے 26 رنز کی اننگز کھیلی تھی جبکہ قومی ٹیم مجموعی طور پر 231 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی تھی۔
قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز سلمان علی آغا نے مزاحمتی اننگز کھیلی اور دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 62 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے، دیگر کھلاڑیوں میں کپتان بابراعظم 16، عبداللہ شفیق 0، امام الحق 32، محمد رضوان، فواد عالم 24، 24 اور محمد نواز 12 رنز بناسکے۔
سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس نے 5، پربتھ جے سوریا نے 3 جبکہ اسیتھا فرنینڈو اور دھننجایا ڈی سلوا نے ایک ایک وکٹ لی۔
دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کے پہلی اننگ میں بنائے گئے 378 رنز کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی۔ پاکستان ٹیم دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز ہی بناسکی تھی۔
گال میں کھیلے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کے اختتام پر یر پاکستان نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے تھے۔ سلمان علی آغا کے سوا کوئی بلے باز اچھی کارکردگی نہ دکھا سکا۔