لاہور: پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز کے لیے نئی ونڈو تلاش کرنے پر دونوں بورڈز کی مشاورت جاری ہے۔
پاکستان نے رواں ماہ جنوبی افریقا میں مختصر دورانیے کی سیریز کے لیے جانا تھا، تاہم کووڈ کی وجہ سے اس سیریز کو فی الحال ملتوی کیا جاچکا۔ جنوبی افریقا میں ابھی تک کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز نہیں ہوسکا۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق میزبان بورڈ نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف سیریز کو ممکن بنانے کے لیے کام ہورہا ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے شیڈول کی تیاری ایک مشکل مرحلہ ہے۔
نئی ونڈو نکال کر اس سیریز کو یقینی بنایا جائے گا۔ پی سی بی نے بھی ٹیم مصروفیات کا اپنا شیڈول انہیں بھیج رکھا ہے۔