اسلام آباد: امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے گوادر اور اورماڑہ میں پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کیا۔ انہوں نے گوادر میں میرینز ٹریننگ سینٹر کے نئے سیٹ اپ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ قومی بحری مفادات کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔
نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے گوادر اور اورماڑہ میں پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق، کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے گوادر آمد پر امیر البحر کا استقبال کیا، ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے گوادر میں میرینز ٹریننگ سینٹر کے نئے سیٹ اپ کا افتتاح کیا، میرینز ٹریننگ سینٹر پاکستانی اور دوست ممالک کے میرینز آفیسرز کو بنیادی تربیت اور ایڈوانس کورسز فراہم کرے گا۔
ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ نیول چیف نے اورماڑہ دورے کے دوران 21ویں ایئر ڈیفنس بٹالین کے نئے انفرا اسٹرکچر کا بھی افتتاح کیا، پاک بحریہ کا نیا ایئر ڈیفنس سیٹ اپ ساحلی تنصیبات کے فضائی دفاع کو مزید مستحکم کرے گا۔
دورے کے دوران نیول چیف نے کوسٹل ایریا میں تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے عزم اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ قومی بحری مفادات کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔