پاک بحریہ کا زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کی فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ!

کراچی: پاک بحریہ کی ایئر ڈیفنس یونٹس نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلز کی فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بحریہ کی ایئر ڈیفنس یونٹس نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلز کی فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا اور اس مظاہرے کا چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بھی مشاہدہ کیا۔
ترجمان کے مطابق فائر کیے گئے میزائلوں نے کامیابی سے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا، فائرنگ کا شان دار مظاہرہ پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور حربی تیاریوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اس موقع پر امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، ہمارے جوان اور آفیسرز ملکی سمندری سرحدوں اور بحری اثاثوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔