راولپنڈی: پاکستان اور بھارتی فوج کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے ہاٹ لائن پر رابطے کے دوران بنیادی معاملات اور خدشات حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا ہے، جس میں لائن آف کنٹرول اور دیگر تمام سیکٹرز کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کی گفتگو اچھے ماحول میں ہوئی۔
مشترکہ مفادات کے حصول اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے دونوں ممالک کے اوز نے امن کی تباہی اور تشدد کو فروغ دینے والے بنیادی معاملات اور خدشات کو حل کرنے پر اتفاق کیا۔
فریقین نے باہمی معاہدوں، سمجھوتوں اور ایل او سی سمیت دیگر سیکٹرز پر جنگ بندی پر 24 اور 25 فروری کی درمیانی رات سے سختی سے عمل درآمد پر اتفاق کیا، ہاٹ لائن گفتگو کے دوران اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ کسی بھی غیر متوقع صورت حال یا غلط فہمی کو دُور کرنے کے لیے ہاٹ لائن رابطے اور بارڈر فلیگ میٹنگ کا موجودہ طریقہ کار استعمال کیا جائے گا۔