راولپنڈی: پاک فوج کے جوان بلوچستان میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں مدد کے لیے پہنچ گئے
پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ کے کا کہنا ہے پاک فوج کے جوانوں نے بلوچستان کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں ہیں۔ بلوچستان میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان اور خوراک منتقل کیا جار ہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز طبی عملے، پیرا میڈیکس اورسول انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کررہی ہیں۔ زلزلے میں زخمی ہونے 9افراد کو پاک فوج کے ایوی ایشن ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ ہرنائی میں نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو بھی راولپنڈی سے روانہ کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں زلزلے کے باعث 20 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہو گئے۔
بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں زلزلہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب 3 بجکر 2 منٹ پر آیا۔ جس نے ہرنائی میں تباہی مچا دی۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 9 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 15 کلومیٹر اور مرکز ہرنائی کا علاقہ تھا۔
زلزلے کے جھٹکے پشین، ہرنائی، سبی، زیارت، قلعہ سیف اللہ، لورالائی اور مسلم باغ سمیت صوبے بھر میں محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے باعث کئی مکانات گر گئے جن کے ملبے تلے پھنسے افراد کو نکال لیا گیا ہے۔ حکومتی مشینری پہنچنے کے بعد بھی ریسکیو کا کام جاری رہا۔ زلزلے سے سرکاری عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
زلزلے کے بعد بلوچستان کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، زخمیوں کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ چکی ہے۔