یوٹیوب پر پابندی کا عندیہ، فنکاروں کے تحفظات

کراچی: عدالت عظمیٰ کی جانب سے یوٹیوب پر پابندی کے عندیے کے حوالے سے پاکستانی اداکاروں نے اپنی آرا پیش کی ہیں۔
زیادہ تر فنکار یوٹیوب پر پابندی کی مخالفت میں بولتے ہوئے نظر آئے اور سب نے پی ٹی اے کو کچھ مشورے بھی دیے۔
اس متعلق اداکارہ مہوش حیات نے کہا کہ یوٹیوب پر واقعی پابندی لگ جائے گی؟ پھر کیا اس کے بعد ٹوئٹر، انسٹاگرام، فیس بک، نیٹ فلیکس سمیت واٹس ایپ کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوگا؟۔ اداکارہ نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کسی بھی معاشرے کا بنیادی حق ہوتا ہے۔ پاکستان میں سوشل میڈیا کے ذریعے ہی اصل کہانیاں سامنے آتی ہیں اور ترقی پسند ریاستوں کو پابندی کا سہارا لینے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔


اداکارعلی بٹ نے انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ صرف پابندی ہی کیوں لگائی جاتی ہے، پی ٹی اے مواد کو کنٹرول کیوں نہیں کرتی؟ انہوں نے کہا فنکاروں سمیت کتنے ہی لوگ ایسے ہیں جو یوٹیوب کے ذریعے نہایت مناسب طریقے سے کماتے ہیں، پابندی سے بہت بہتر ہے کہ حفاظتی اقدامات پر توجہ دی جائے۔


اداکارہ زارا نور عباس نے کہا کہ ویسے بھی کورونا وبا کے باعث کتنے ہی لوگ ایسے ہیں جو اپنی نوکریاں گنوا چکے اور پاکستان میں ایسے بہت سے لوگ ہیں جو یوٹیوب کے ذریعے کماتے ہیں، اس صورت حال میں پابندی سے بہتر ہے کہ ناموزوں مواد کو ہٹایا جائے۔

Pak ActorsYoutube