کراچی: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی درندگی پر پاکستانی فنکاروں نے بھی برہمی کا اظہار کیا اور بھارتی فوج کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔
گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے 3 سالہ ننھے بچے کے سامنے اس کے نانا کو شہید کردیا تھا۔ بچے کی اپنے نانا کی لاش پر روتے ہوئے تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور اس بے بسی نے پاکستانی فنکاروں کو بھی جھنجھوڑ ڈالا۔
اداکارہ مہوش حیات نے ٹوئٹر پر مذکورہ واقعے کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ دنیا کس طرح خاموشی سے کھڑی رہ سکتی اور بھارتی فوج کو اس طرح ظلم کرنے کی اجازت دے سکتی ہے۔ ہم کب تک اس ظلم پر آنکھیں موندے رہیں گے، اس ظلم کو روکنا ہوگا۔ کشمیری زندگیاں بھی اہم ہیں۔
گلوکار فرحان سعید نے کہا کہ کشمیر میں بے رحمانہ واقعے پر دنیا کی کشمیریوں کی حالت زار پر بے حسی ظاہر کرتی ہے، میری ہمدردیاں بشیر اور 3 سالہ بچے کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
گلوکار سلمان احمد نے کہا وزیراعظم عمران خان دنیا کے واحد لیڈر ہیں جو بار بار مظلوم کشمیریوں کے حق میں کھڑے ہوئے، ہم عمران خان کا مرتے دم تک ساتھ دیں گے، عمران خان ہمیشہ نمبر 1 رہیں گے۔
اداکار شان نے بھی اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کیا بھارت اس شرم ناک واقعے پر شرمندہ نہیں، ان لوگوں پر بھی افسوس ہوتا ہے جو اس نسل کشی کے وقت خاموش رہے، کشمیر میں انسانوں پر جاری ظلم کو ختم کیا جائے۔