اسلام آباد: عدالت عظمیٰ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق ترمیم کو چیلنج کردیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں وفاق، الیکشن کمیشن اور نادرا کو فریق بنایا ہے۔
عمران خان نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ نادرا اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ووٹ ڈالنے کا طریقہ کار بنائے، الیکشن کمیشن اور دیگر کو اوورسیز پاکستانیوں کو دی گئی ووٹ کی سہولت کی فراہمی کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کو نادرا کو فنڈز فراہم کرنے کا حکم دیا جائے اور سپریم کورٹ الیکشن ایکٹ میں کی گئی ترامیم کو غیرآئینی قرار دے۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ سے متعلق سابق حکومت کی ترامیم کو ختم کرنے کا بل منظور کرلیا ہے۔
وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات کرانے کی ترمیم کی گئی، ای وی ایم پر الیکشن کمیشن میں بہت سے اعتراضات اٹھائے، بہت کم فرق سے اس بل کو قومی اسمبلی سے منظور کروایا گیا، یہ بل سینیٹ میں آیا تو اس کو کمیٹی میں بھیجا گیا۔