سیاحت اہم شعبہ، فحاشی کلچر کے بجائے فلم انڈسٹری میں اوریجنل کونٹینٹ لانا ہوگا: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم کا کہنا ہے کہ فلم انڈسٹری میں فحاشی کے کلچر کے بجائے اوریجنل کونٹینٹ لانا ہوگا، سافٹ امیج کوئی چیز نہیں، احساس کم تری کے سبب اس لفظ پر لگادیا گیا، امریکی جنگ میں ساتھ دیا لیکن ہمیں ہی برا بھلا کہا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کا نیشنل امیچیور شارٹ فلم فیسٹیول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میجر جنرل بابر افتخار سمیت آئی ایس پی آر کو شارٹ فلم فیسٹیول پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری آپ سے بڑی امیدیں ہیں۔ شارٹ فلمز پاکستان میں نئی شروعات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں فلموں میں پاکستانی کلچر کو اجاگر کرنا چاہیے تھا۔ ہم نے بھارتی کلچر کو اپنالیا۔ میرا تجربہ ہے کاپی کی نہیں، اوریجنل ویڈیو کی اہمیت ہوتی ہے۔ نصرت فتح علی خان کو فنڈریزنگ کے لیے امریکا، برطانیہ ساتھ لے جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے درخواست کی کہ ارطغرل غازی ڈرامہ کو اردو میں پاکستان میں نشر کیا جائے، کیونکہ اس سے قبل ہالی وُڈ، بولی وُڈ کی فلموں میں بے حیائی دکھائی جانے لگی تھی، ایسی فلمیں یہاں بننا شروع ہوگئی تھیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ خوش قسمت انسان ہوں جس نے پورا پاکستان دیکھا ہے، ملک کا سب سے اہم سیکٹر شعبہ سیاحت ہے، بدھ ازم، کرتارپور راہداری سمیت مذہبی سیاحت موجود ہے۔ ہم دنیا بھر میں ہر چیز پیدا کرسکتے ہیں، پاکستان میں 12 موسم ہیں جو دنیا میں کہیں نہیں، سیاحت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ جو شخص ہارنے سے ڈرتا ہے وہ کبھی نہیں جیتتا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کا جنگ میں ساتھ دیا اور ہمیں ہی برا بھلا کہا جاتا رہا۔ احساس کم تری میں مبتلا شخص دنیا کو کاپی کرتا ہے۔ ہم نے سافٹ امیج پروموٹ کرنا ہے تو پاکستانیت پروموٹ کریں۔


قبل ازیں نیشنل امیچیور شارٹ فلم فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے۔ وطن عزیز کو دو دہائیوں سے دہشت گردی کی جنگ کا سامنا رہا، تخریب کاروں نے پاکستان کے عالمی وقار کو بہت نقصان پہنچایا اور آج بھی کوشش کررہے ہیں، انسداد دہشت گردی کی جنگ قریباً جیت چکے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی سطح پر اپنا امیج بہترین بنائیں۔ پاکستان وہ خوش نصیب ملک ہے جہاں پر 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نیشنل امیچیور شارٹ فلم فیسٹیول میں نوجوان شارٹ فلمز بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیشنل امیچیور شارٹ فلم فیسٹیول ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں نوجوانوں نے شارٹ فلم بنائی ہیں، جس سے پاکستان کا بہترین تشخص سامنے لایا جاسکے۔ نومبر2020 میں اس فیسٹیول کے لیے ہم نے بہترین ٹیم تشکیل دیں، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس مقصد کی سرپرستی کی۔


وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا نیشنل امیچیور شارٹ فلم فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے ماضی میں جس طرح جنگیں لڑیں ان کو صحیح طرح بیان نہیں کیا گیا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری قربانیوں کا ذکر ایسا نہیں جیسا ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگست میں پی ٹی آئی حکومت کو تین سال پورے ہوجائیں گے، 14 اگست کو پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان سمیت سرکاری خبر ایجنسی اے پی پی کو تبدیل کریں گے، ان کو ڈیجیٹلائزڈ کریں گے، ماڈرن ریڈیو لے کر آئیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ریاستوں کے پاس رائے عامہ ہموار کرنے کے لیے میڈیا اہم ذریعہ ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے پاکستان میں شارٹ فلم کو نئی جہت بخشی، میڈیا ریاست کا اہم ستون ہے، کراچی میں فلم اسکول بنارہے ہیں، کورونا وبا کی وجہ سے سینما کاروبار خسارے میں چلاگیا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان بنے گا۔

آئی ایس پی آرڈائریکٹر جنرلفلم انڈسٹریکونٹینٹمیجر جنرل بابر افتخارنیشنل امیچیور شارٹ فلم فیسٹیولوزیر اطلاعات فواد چوہدریوزیراعظم عمران خان