بھاگ کر شادی کرنے والوں کا نکاح نامہ رجسٹرڈ نہ کرنے کا حکم

راولپنڈی: گھر سے بھاگ کر کورٹ میرج یا لو میرج کرنے کا نکاح نامہ رجسٹرڈ نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سرکلر جاری کردیا گیا۔
لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈیولپمنٹ نے ضلع کچہری راولپنڈی میں کورٹ میرج یا لو میرج کے نکاح نامے رجسٹرڈ کرنے پر پابندی عائد کردی اور ضلع کی تمام 182 یونین کونسلز کے سیکریٹریز کو سرکلر جاری کردیا ہے۔
سرکلر کے مطابق گھروں سے مبینہ طور پر بھاگ کر کچہری میں کورٹ و لو میرج کرنے کا نکاح نامہ رجسٹرڈ نہیں ہوگا۔ سرکلر پر فوری عمل درآمد کا حکم دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی متنبہ کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی پر قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔
سرکلر کی خلاف ورزی پر نکاح خواں کا لائسنس رجسٹر منسوخ اور مقدمہ درج کرکے گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔ سرکلر کے مطابق سیکریٹری یونین کونسل کو خلاف ورزی پر ملازمت سے برطرف کرکے مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ 2 سال میں ضلع کچہری میں گھروں سے بھاگ کر نکاح کرنے میں خوف ناک اضافہ ریکارڈ ہوا ہے جب کہ صرف یکم جنوری سے 30 ستمبر تک ضلع راولپنڈی میں 1594 کورٹ یا لو میرج ہوئیں۔
نئی ہدایات کے مطابق دیگر شہروں یا دوسرے اضلاع کی لڑکیاں بھی کچہری میں نکاح کریں گی تو وہ نکاح نامے بھی رجسٹر نہیں ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق کچہری میں نکاح جعلی ایڈریس، فرضی مقامی رہائش اور فرضی گواہان پر کیا جاتا ہے۔ جعلی نکاح پر ملازمین کو راولپنڈی سے باہر دوردراز اضلاع کچہریوں میں پیشیاں بھگتنا بھی پڑتی ہیں۔

DistrictElope PeoplesNot Registered Marriage CertificateOrderIssuedrawalpindi