کراچی: کراچی والوں کی قسمت جلد چمکنے والی ہے، گرین لائن منصوبے کی بسیں کراچی پہنچیں تو برسوں سے سست روی کا شکار اورنج لائن منصوبے میں بھی تیزی دکھائی دینے لگی۔
شہر قائد کے عوام کے لیے برسوں بعد ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولت دستیاب ہونے کو ہے۔ گرین لائن منصوبے کے لیے بسیں کراچی پہنچیں تو سندھ حکومت کے اورنج لائن بس منصوبے کی قسمت بھی چمک اٹھی، ورکرز کو منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے اور اسے بروقت مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔
پانچ سال سے سست روی کا شکار اورنج لائن منصوبہ مکمل ہونے سے ہزاروں افراد کو ریلیف ملے گا لیکن ابھی اس میں تاخیر شہریوں کی شدید تکلیف کا باعث ہے۔ سندھ حکومت کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ سب کچھ تیار ہے بسیں بھی اگلے سال جنوری تک آجائیں گی۔
پانچ کلومیٹر طویل منصوبے کے انفرا اسٹرکچر کا 65 فیصد کام مکمل کرلیا گیا۔ صوبائی حکومت کے دعوے کے مطابق بسوں کا انتظار مزید کرنا ہوگا۔