کراچی: پی ٹی آئی نے جلسے جلوسوں کے خلاف مذمتی قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کرادی۔
پاکستان تحریک انصاف نے جلسے جلوسوں کے خلاف مذمتی قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کرادی، سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ کورونا سے بچنے کے لیے بچت بازار، مارکیٹس بند کرانے والے جلسے جلوس کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نوازاور فرزند زرداری مولانا کی قیادت میں ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں، ملک کے حالات بہتر ہورہے ہیں، اپوزیشن کی دکانیں بند اور سیاسی موت قریب ہے، ایک جانب شادی ہال مارکیٹس بچت بازار کو سیل تو کیا جارہا ہے کہ کورونا نہ پھیلے اور دوسری جانب جلسے جلوسوں کی اجازت دی جارہی ہے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ مراد علی شاہ کے قول و فعل میں تضاد ہے۔ وزیراعظم اور اسد عمر کے اقدامات کو سراہا گیا، آج مریم ہوں یا ن لیگ کے دوسرے رہنما مولانا کے ساتھ مل کر ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں۔ خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ مراد علی شاہ اعلان کرے اور احکامات جاری کرے کہ کورونا ہے یا نہیں۔