کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم سے 25 اکتوبر کے کوئٹہ جلسے کو ملتوی کرنے کی اپیل کردی۔
ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کو کوئٹہ جلسہ میں دہشت گردی کا خطرہ ہے، نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کی جانب سے سیکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا ہے، جسے بلوچستان حکومت نے سنجیدگی سے لیا ہے، گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو حملے کے انتباہ کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اور سیکیورٹی خدشات پر ذمے داری کا ثبوت دینا چاہیے، سیکیورٹی الرٹ کے بعد پی ڈی ایم جلسہ ملتوی کردے، اپوزیشن سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد جلسہ کرے، حکومت ان سے تعاون کرے گی۔
لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ امن و امان کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے اور پی ڈی ایم رہنماؤں کو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کریں گے، ہم نے پی ڈی ایم جلسے کے لیے نہ رخنہ ڈالا اور نہ ہی ڈالیں گے، پُرامن احتجاج اپوزیشن کا حق ہے۔