پشاور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انہیں اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں۔
پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن وقت سے پہلے کرائیں گے، شو آف ہینڈ کے ذریعے الیکشن کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کررہے ہیں، اٹارنی جنرل نے معاملے پر تفصیلی بریفنگ دی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ حکومت کے لیے سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ آسان ہوتی ہے، ہم نے 20 ایم پی ایز کو پارٹی سے نکالا کیونکہ ہم شفاف انتخابات پر یقین رکھتے ہیں۔
اپوزیشن کے ساتھ ڈائیلاگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا ڈائیلاگ کی بات کی تو اپوزیشن نے 34 صفحات کا این آر او مانگ لیا، لیکن این آر او کسی صورت نہیں دوں گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن کے خلاف کیس ہماری حکومت میں نہیں بنے، اپوزیشن جن کیسز کا سامنا کررہی ہے وہ ماضی میں قائم ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ہے، لاہور جلسے کے دن میں کیا کر رہا تھا سب نے دیکھ لیا، مجھ پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن بڑے جلسے کرتی پھررہی ہے، چاہوں تو اب بھی اپوزیشن سے بڑا جلسہ کرسکتا ہوں۔