کراچی: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے ممتاز بھٹو، سابق صدر ممنون حسین، پیر پگارا اور جلال محمود شاہ کے گھر جاکر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔
بزرگ سیاست دان سردار ممتاز علی بھٹو مرحوم کے انتقال پر ان کے صاحبزادے اور (پی ٹی آئی) سندھ کے سابق صدر نواب امیر بخش بھٹو سے ان کی رہائش گاہ پر جاکر تعزیت کی اور کہا کہ اللہ تعالٰیٰ مرحوم سردار ممتاز علی بھٹو کے درجات بلند کرے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔
اس موقع پر شاہ محمد شاہ، امیر مقام، سابق گورنر سندھ محمد زبیر، مریم اورنگزیب، رانا مشہود، انور گجر اور دیگر رہنما موجود تھے۔
بعدازاں شہباز شریف نے مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر سید صبغت اللہ شاہ پیر پگارا سے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے سید صبغت اللہ شاہ، ان کے بھائی سید صدر الدین شاہ سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ شہباز شریف نے پیر پگارا سے ان کی اہلیہ کی وفات پر بھی تعزیت کی۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے دیگر قائدین کے علاوہ پیر پگارا کے صاحبزادے سید راشد شاہ بھی موجود تھے۔
اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم پگارا خاندان اور حروں کی پاکستان کے لیے خدمات اور عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اس کے بعد قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سابق صدر ممنون حسین کے گھر بھی گئے اور اُن کے انتقال پر اہل خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔