شمالی وزیرستان میں آپریشن: 6 خوارج ہلاک، میجر اور سپاہی شہید

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان میں ایک آپریشن کے دوران 6 خوارج ہلاک ہوگئے جب کہ ایک میجر اور سپاہی نے شہادت کا رتبہ پالیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 29 اور 30 جنوری کی شب سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں (خوارج) کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی کے جنرل ایریا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
فورسز کی کارروائی میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 6 خوارج جہنم واصل ہوگئے جب کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے میجر اور ایک سپاہی نے بھی شہادت کا رتبہ پالیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں بہادر افسر میجر حمزہ اسرار (عمر 29 سال، ساکن ڈسٹرکٹ راولپنڈی) جو دستے کی قیادت کررہے تھے شہید ہوگئے۔ سپاہی محمد نعیم (عمر 26 سال، ساکن ڈسٹرکٹ نصیر آباد) بھی دہشت گردوں کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے وطن کی خاطر جان قربان کرگئے اور شہادت کو گلے لگایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہے گا۔ پاک فوج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ترجمان کے مطابق ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں دہشت گردوں سے مقابلہ کرنے والے میجر حمزہ اسرار شہید کی عمر 29 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع راولپنڈی سے تھا۔ میجر حمزہ اسرار شہید نے 9 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔ ان کی حال ہی میں شادی ہوئی تھی۔ میجر حمزہ اسرار شہید نے سوگواران میں اہلیہ، والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔
26 سالہ سپاہی محمد نعیم شہیدضلع نصیر آباد کے رہائشی تھے۔ انہوں نے 6 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن کا دفاع کیا اور اپنے سوگواران میں والدین کو چھوڑا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں 6 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کرتے ہوئے کارروائی میں میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے شہدا کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے بیٹوں کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملائیں گے۔ حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے متحرک ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے میں خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم نے وطن کے امن کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ شہدا کی بہادری پر فخر ہے۔ قوم کے بہادر سپوت وطن پر قربان ہو کر ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے۔ ہم شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید سیکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

6 Khawarij KilledISPRMajor and Soldier MartyredNorth WaziristanSecurity Forces Operation