راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں مشترکہ آپریشن کرکے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں ریجن میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا، آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، بھارتی حمایت یافتہ ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد ہوا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے، ہلاک خوارج قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ کامیاب کارروائی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کے مضبوط تعاون کی عکاس ہے، مشترکہ تعاون سے علاقے میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق خوارج کی نقل و حرکت محدود کرنے کے لیے منظم، مربوط اور ہم آہنگ حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں، علاقے میں موجود کسی بھی دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہیں، ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے "عزمِ استحکام” وژن کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔