آپریشن غضب للحق: 331 افغان اہلکار ہلاک، افغان فوج کا ہیڈکوارٹرز تباہ

اسلام آباد: پاکستان کا افغان طالبان رجیم کے خلاف آپریشن غضب للحق جاری ہے، پاکستانی فورسز کی کارروائیوں میں افغان طالبان رجیم کے 331 کارندے ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کی جانب سے 28 فروری صبح 9 بجے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق افغانستان بھر میں 37 مقامات کو فضائی کارروائی میں مؤثر طور پر نشانہ بنایا گیا، جس میں افغان طالبان رجیم کے 331 کارندے ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے۔
افغان طالبان کی 104 چیک پوسٹیں مکمل طور پر تباہ جب کہ 22 چیک پوسٹوں پر پاک فوج نے مکمل کنٹرول حاصل کرلیا، 163 ٹینک اور مسلح گاڑیاں تباہ کردی گئیں۔ آپریشن غضب للحق اپنے اہداف کی تکمیل تک جاری رہے گا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ نے قندھار میں فضائی حملے کے دوران افغان فوج کے ہیڈ کوارٹرز کو موثر انداز میں نشانہ بناکر تباہ کردیا۔
افغان طالبان کی جارحیت کے خلاف پاک فوج کی بھرپور اور طاقتور جوابی کارروائیاں جاری ہیں، پاک افواج کامیابی سے افغان طالبان کی عسکری تنصیبات کو تباہ کررہی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تازہ ترین کارروائیوں میں پاک افغان سرحد پر غلام خان سیکٹر میں افغان پوسٹ کو تباہ کردیا گیا، اعظم وارسک سیکٹر میں بھی افغان طالبان کی شاگا پوسٹ کو مکمل تباہ کردیا گیا۔
قلعہ سیف اللہ سیکٹر میں تشکیل کی دراندازی کو ناکام بنادیا گیا، متعدد دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔ پاک فوج نے قلعہ سیف اللہ سیکٹر میں افغانستان کی رحیم تھانہ پوسٹ کو مکمل تباہ کردیا۔ پاک فوج نے قلعہ سیف اللہ سیکٹر میں افغان طالبان کی اعلیٰ جرگہ تھانہ پوسٹ کو مکمل تباہ کردیا۔
افغان طالبان کی جانب سے جمعرات کی شب شروع کی گئی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے آپریشن غضب للحق کا آغاز کیا تھا۔ افواج پاکستان کی جانب سے افغان طالبان کی بلااشتعال جارحیت کا بھرپور اور موثرانداز میں منہ توڑ جواب دیا گیا۔
پاک فضائیہ نے افغان صوبے لغمان، ننگرہار میں کارروائیاں کرکے ہیڈکوارٹرز کو تباہ کیا جب کہ سرحدی علاقوں میں افغان چیک پوسٹوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی میں صوبہ لغمان میں اسلحہ ڈپو، اے بی ایف بٹالین ہیڈکوارٹر اور ننگرہار بریگیڈ مکمل تباہ کردیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے مہمند سیکٹر کے قریب افغان چیک پوسٹ کو مکمل تباہ کردیا۔ پاک فوج نے افغانستان میں ایمونیشن ڈپو اور پٹرولیم (پی او ایل) کے بڑے ذخائر بھی تباہ کردیے۔
سیکیورٹی فورسز نے سرحد اور افغانستان کے اندر داخل ہوکر بھرپور کارروائیاں کیں جب کہ پاک فضائیہ نے قندھار، کابل، ننگرہار میں فضائیہ کارروائیاں کرکے افغان طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔
گزشتہ روز ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان ایئرفورس فضائی حملوں میں کابل میں دو بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کیے گئے جب کہ کارروائیوں کے دوران دشمن کو بھاری نقصان پہنچا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ قندھار میں فضائی حملے کے دوران ایک کور ہیڈکوارٹر اور ایک بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بناکر تباہ کردیا گیا جب کہ ایمونیشن ڈیپو اور لاجسٹک بیس بھی مکمل تباہ کردیا گیا۔
افغان صوبے ننگرہار میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے ایک بڑا ایمونیشن ڈپو تباہ کردیا۔

331 Afghan Terrorist KilledAfghan Taliban RegimeOperation Ghazab lil-Haq