آپریشن غضب للحق: پاک افواج کے حملے میں 133 افغان طالبان جہنم واصل

اسلام آباد/ کابل: ایک بار پھر افغان طالبان نے سرحدی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان پر بلااشتعال فائرنگ کی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور جواب دیا، پاک فوج کے غضب للحق کے تحت آپریشن میں دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور اب تک 133 افغان طالبان ہلاک اور 200 سے زائد کارندے زخمی ہیں جب کہ متعدد چیک پوسٹوں کو نشانہ بناکر تباہ کیا جاچکا ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے اپنے بیان میں بتایا کہ افغان طالبان رجیم نے پاک افغان سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی کارروائی کا بھرپور جواب دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تازہ فضائی حملوں میں کابل میں دو بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کیے گئے جب کہ کارروائیوں کے دوران دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قندھار میں فضائی حملے کے دوران ایک کور ہیڈ کوارٹر اور ایک بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بناکر تباہ کردیا گیا جب کہ ایمونیشن ڈیپو اور لاجسٹک بیس بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔
افغان صوبے ننگرہار میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے ایک بڑا ایمونیشن ڈپو تباہ کر دیا۔
مزید بتایا گیا کہ پکتیا میں ہونے والی کارروائی میں ایک کور ہیڈ کوارٹر کو بھی مؤثر فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔
پاکستان نے جنوبی وزیرستان کے مقابل افغانستان کے پکتیا کے علاقے میں پانچ افغان پوسٹوں پر قبضہ کرکے پاکستان کا جھنڈا لگادیا۔ قبضے میں آنے والی پوسٹوں میں دو شوال کے مقابل، دو انگور اڈا کے مقابل اور ایک زرملان کے مقابل میں ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے مؤثر کارروائی کے دوران انگور اڈا کا افغانی ٹرمینل بھی تباہ کردیا۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے بھرپور اور طاقتور جواب میں افغان طالبان فورسز کو بھاری نقصان کا سامنا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج نے پاک افغان سرحد پر خوست میں افغان طالبان کی متعدد اہم پوسٹس کو مکمل تباہ کردیا، پاکستان کی فیصلہ کن کارروائی کے بعد افغان طالبان فوج نے متعدد بار پوسٹوں پر سفید جھنڈا بھی لہرایا۔
سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان فورسز کو آرٹلری اور کواڈ کاپٹر کے ذریعے مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن غضب للحق کے تحت جوابی حملوں میں اب تک 133 افغان خارجی جہنم واصل ہوگئے ہیں اور 200 سے زائد زخمی ہیں۔
پاک فوج نے 27 پوسٹیں مکمل طور پر تباہ کردی ہیں جب کہ 7 افغان پوسٹوں پر قبضہ کر لیا ہے.
موثر جوابی کارروائی میں 50 سے زائد ٹینکس، آرٹلری گنز اور اے پی سیز کو تباہ کردیا گیا۔
وزارت اطلاعات کے مطابق افغان طالبان حکومت کی جانب سے پاک افغان سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ کا فوری اور موثرجواب دیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ افغان طالبان نے کے پی کے مختلف سرحدی علاقوں پر بلااشتعال فائرنگ کی، جس پر فوری اور موثر جواب دیا جا رہا ہے۔
وزارت اطلاعات افغان طالبان نے چترال، خیبر، مہمند، کرم اور باجوڑ میں سرحدی خلاف ورزی کی، پاکستان کے جواب پر افغانستان کو بھاری جانی نقصان ہوا جب کہ متعدد چیک پوسٹیں تباہ ہوگئیں۔
سیکیورٹی فورسز کے جاری کامیاب آپریشن ضرب للحق میں ہزیمت کے بعد افغان طالبان نے سول آبادی پر حملے شروع کردیے۔
گزشتہ رات باجوڑ کے سرحدی علاقوں لغڑئی اور گرد و نواح میں سرحد پار سے فائر کیے گئے مارٹر گولے گرنے کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے، جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری خار اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
شیلنگ کے باعث ایک مقامی مسجد کی چھت اور دیگر حصوں کو بھی نقصان پہنچا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلااشتعال افغان جارحیت کا پاکستان کی سیکیورٹی فورسز پوری طاقت سے منہ توڑ جواب دے رہی ہیں، پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی سے افغان طالبان کے ٹھکانے تباہ اور خوارج بھاگ کھڑے ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق چترال سیکٹر پر افغان طالبان کی چیک پوسٹ کو پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے نہایت درستی سے نشانہ بناکر تباہ کردیا جبکہ ناوگئی سیکٹر باجوڑ، تیراہ خیبر، ضلع مہمند اور ارندو سیکٹر چکوال میں بھرپور جواب دیا گیا۔
اس کے علاوہ سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں افغان طالبان کی 2 چوکیاں تباہ کر دیں۔ سیکیورٹی فورسز نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز سرحد کی حفاظت اور کسی بھی قسم کی جارحیت کے خلاف سخت اور فوری جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے افغان جانب سے جارحیت پر فوری ٹینکوں کا استعمال کرتے ہوئے طالبان کی کئی پوسٹیں تباہ کردیں جبکہ متعدد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
طورخم بارڈر پر افغان طالبان کی بلااشتعال جارحیت کے بعد پاک فوج نے مؤثر اور منہ توڑ جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو پسپا کردیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی افواج کے بھرپور ردعمل کے باعث افغان طالبان دُم دبا کر فرار ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسز کے مؤثر جواب کے بعد مہمند سیکٹر کے قریب افغان طالبان چوکیاں چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان طورخم بارڈر سے ٹرکوں پر سامان لاد کر علاقے سے نکل گئے جب کہ پاکستانی فورسز نے سرحدی دفاع کو مزید مضبوط کردیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے آرٹلری فائر سے افغان طالبان رجیم کا سیکٹر ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا۔
پاک افغان سرحد پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے انگوراڈا کا ایک بڑا حصہ تباہ کر دیا۔
سرحدی علاقے میں سیکیورٹی فورسز افغان طالبان فوج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنا رہی ہیں۔
پاک افغان سرحد پرولی خان سیکٹر میں پاک فوج نے ایک اور افغان پوسٹ کو مسمار کردیا۔
باجوڑ سیکٹر کے قریب پاک-افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک دہشت گرد کو بارڈر کراس کرنے کی کوشش کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زندہ گرفتار کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد نے ابتدائی تفتیش میں اپنا نام عبداللہ بتایا ہے جب کہ اس سے مزید معلومات حاصل کرنے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز کی پاکستان سے متعلق مبینہ گمراہ کن سوشل میڈیا پوسٹ پاکستانی صارفین کی شدید تنقید کے بعد حذف کر دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اسکائی نیوز نے افغانستان ایئرفورس کے ذریعے پاکستان پر حملے کا دعویٰ کیا تھا، جسے سوشل میڈیا پر جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا گیا۔
افغان جارحیت کے خلاف جاری آپریشن غضب للحق میں پاکستانی جیٹ طیارے فضائی حملے کرنے کے بعد قندھار کی فضامیں گشت کر رہے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شاہینوں کی قندھار میں پٹرولنگ کے دوران کسی قسم کی قابل تشویش مزاحمت دیکھنے میں نہیں آئی، یوں محسوس ہورہا ہے کہ دشمن اپنے بلوں میں دبک کر بیٹھ گیا ہے۔
افغان دارالحکومت کابل میں طالبان وزارت دفاع کی عمارت کے اندر مبینہ طور پر اندرونی جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا ادارے آماج نیوز کے مطابق پاکستان کے آپریشن غضب للحق میں جاری فضائی حملوں کے دوران وزارت دفاع کے احاطے میں فائرنگ اور کشیدگی کی صورت حال دیکھی گئی۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ جیسا جواب مشرقی سرحد پر بھارت کو دیا تھا اب ویساہی بھرپورجواب مغربی سرحد پردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیسی ریاست ہے جو بچوں کو خودکُش بمبار بناکربھیجتی ہے، دہشت گردی کے علاوہ ان کی کچھ اور کرنے کی جرأت نہیں ہے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ کسی کو پاکستان کا امن چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے، ہماری کوشش رہی ہے کہ معاملات بات چیت کے ذریعے حل کیے جائیں۔
صدرپاکستان کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی نے اپنے بیان میں کہا کہ مودی اور افغانستان میں ان کے نئے پاگلوں کو جلد پتا چل جائے گا کہ پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کا کیا نتیجہ ہوگا۔
مرتضیٰ سولنگی نے لکھا کہ مودی کو پچھلے سال مئی میں پتا چلا تھا، طالبان حکومت کو چند گھنٹوں میں پتا چل جائے گا۔
افغان جارحیت کے خلاف جاری آپریشن غضب للحق کے حوالے سے وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ افواج پاکستان کا عزم ہے کہ ملک کے امن اور تحفظ پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دی جائے گی جب کہ افواج کسی بھی جارحانہ عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان قومی جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اعلیٰ تربیت اور مؤثر دفاعی حکمتِ عملی سے لیس ہیں۔

133 Afghan Taliban sent to hellattack by Pakistani armed forcesOperation Ghazab lil-Haq